ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکزی وزیر خارجہ جے شنکر کی راجیہ سبھا میں فتح کو چیلنج، عدالت عظمیٰ نے جاری کیا نوٹس

مرکزی وزیر خارجہ جے شنکر کی راجیہ سبھا میں فتح کو چیلنج، عدالت عظمیٰ نے جاری کیا نوٹس

Wed, 18 Nov 2020 23:41:08    S.O. News Service

نئی دہلی،18؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) عدالت عظمیٰ یعنی سپریم کورٹ نے مودی کابینہ میں شامل وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے گجرات سے راجیہ سبھا کے لیے انتخاب کو چیلنج دینے والی عرضیوں پر بدھ کے روز باضابطہ نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ان عرضیوں میں راجیہ سبھا میں اچانک اور مستقل خالی مقامات کے ضمنی انتخابات کے لیے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے انتخابی کمیشن کے اختیارات کو چیلنج پیش کیا گیا ہے۔ جے شنکر کے انتخاب کے خلاف کانگریس کے گورو پانڈیا نے عرضی داخل کی ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس ایس بوپنا اور جسٹس وی راما سبرامنیم کی بنچ نے اس معاملے میں سینئر وکیل کپل سبل کی دلیلوں پر غور کیا کہ ان معاملوں کی سماعت کے لیے ایک تاریخ مقرر کی جائے۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سے سماعت کرتے ہوئے بنچ نے کہا کہ ہم جلدی کی تاریخ دیں گے اور اسے غیر مستقل سماعت والے دن فہرست بند کیا جائے گا۔ جے شنکر کی جانب سے سینئر وکیل ہریش سالوے نے نوٹس قبول کیا۔

اس سے قبل عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ وہ راجیہ سبھا میں اچانک اور مستقل سیٹوں پر ضمنی انتخاب کے بارے میں الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے انتخابی کمیشن کے حقوق پر اچھی سوچ والا نظام دینا چاہتی ہے۔ یہ عرضیاں گجرات سے راجیہ سبھا کی دو سیٹوں کے لیے 2019 میں ختم ضمنی انتخابات سے متعلق ہیں۔ یہ دونوں سیٹیں بی جے پی امیدواروں نے جیت لی تھیں۔


Share: